صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا ہربل فیکٹریز میں کوالٹی کنٹرول سخت کرنے پر زور

03:41 PM, 21 Nov, 2025

لاہور :صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 294 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ اجلاس میں جاری ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کوالٹی کنٹرول یقینی بنانے کے لیے پالیسیوں کا مؤثر نفاذ ضروری ہے اور ہربل فیکٹریوں میں قوانین پر سختی سے عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ قواعد و ضوابط کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور لائسنس اور یونٹ انلسٹمنٹ کے بغیر فیکٹریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کارروائیوں کی رپورٹ ڈریپ کے ساتھ مسلسل شیئر کی جائے اور انلسٹمنٹ کی درخواستوں پر فوری فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی اور عطائی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے اور ادویات کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے زور دیا کہ معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں، جو حکومت کی ذمہ داری اور عزم ہے۔

مزیدخبریں