لاہور:پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 13 حلقوں میں انتخابی مہم آج رات اختتام پذیر ہو جائے گی، جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ قومی اسمبلی کے حلقوں میں ہری پور (این اے 18)، فیصل آباد کے دو حلقے (این اے 104 اور این اے 96)، لاہور (این اے 129)، سرگودھا (این اے 143) اور ڈی جی خان (این اے 185) شامل ہیں۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ساہیوال (پی پی 203)، مظفر گڑھ (پی پی 269)، سرگودھا (پی پی 73)، میانوالی (پی پی 87) اور فیصل آباد کے تین حلقے (پی پی 15، 98 اور 116) شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاری مکمل کر لی ہے، اور بیلٹ پیپرز و دیگر سامان کل صبح ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ سٹیشنز منتقل کیے جائیں گے۔
پولنگ کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، اور فوج، رینجرز اور ایف سی کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ سٹیشنز اور پولنگ رومز میں خصوصی نفری موجود رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی مہم آج رات 12 بجے تک مکمل کی جائے، جس کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔