پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا آپریشن، 36 ہزار کلو فنگس زدہ مونگ پھلی اور 4 ہزار کلو ناقص نمکو ضبط

03:35 PM, 21 Oct, 2025

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے لنک روڈ، گاؤں گٹیالہ میں سنیکس تیار کرنے والے ایک یونٹ پر چھاپہ مار کر 36 ہزار کلو فنگس زدہ مونگ پھلی اور 4 ہزار کلو ناقص نمکو ضبط کر لیا ہے۔ اس جعلی اور غیر معیاری مصنوعات کے دھندے میں ملوث مالک اور مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ اس سنیکس یونٹ میں فنگس زدہ اور ایکسپائر مونگ پھلی کو خشک کر کے نمکو بنانے کا غیر قانونی کام کیا جا رہا تھا۔ ضبط شدہ مونگ پھلی زمین پر ترپال بچھا کر خشک کی جا رہی تھی اور اس کا کوئی خرید و فروخت کا ریکارڈ موجود نہیں تھا، جو کہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ اس طرح کی غیر معیاری اور نقصان دہ اشیاء کی فروخت عوام کی صحت کے لیے شدید خطرہ ہے اور فوڈ اتھارٹی اس کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں