شورکوٹ : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ایک عرصے سے افغانستان بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان میں دہشت گردی کر رہا تھا مگر کسی نے اس کا بھرپور جواب نہیں دیا۔ انہوں نے موجودہ سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں داخلہ ناقابل برداشت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک فوج کی بہترین حکمت عملیوں کی بدولت دہشت گردی سے کافی حد تک نجات ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے برادر اسلامی ممالک ایران اور فلسطین کے تنازعات میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
بلدیاتی نظام سے متعلق انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی ایکٹ 2025 پر انہوں نے عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری کئی دنوں کی غور و فکر کے بعد دی گئی ہے جس سے بلدیاتی اداروں میں بہتری آئے گی۔ گورنر نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات غیر سیاسی بنیادوں پر ہوں گے اور پیپلز پارٹی بھی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت جلد انتخابات کا اعلان کرے گی۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر منتخب نمائندہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہ کرنا چاہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔