پنجاب میں 1737 فائر ہائیڈرنٹس نصب، مزید اہم مقامات پر تنصیب کا عمل جاری: خواجہ سلمان رفیق

08:31 PM, 21 Sep, 2026

لاہور: صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو ہیڈکوارٹرز کا خصوصی دورہ کیا اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران سے آن لائن اجلاس کیا۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی وزیر کو پنجاب بھر میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار 737 فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جا چکے ہیں، جن میں 691 ہسپتالوں جبکہ ایک ہزار 46 کمرشل مارکیٹس میں نصب ہیں۔ مزید اہم مقامات کی نشاندہی کرکے وہاں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔

 خواجہ سلمان رفیق نے ضلعی ایمرجنسی افسران سے حقیقی فائر آپریشنز کے دوران فائر ہائیڈرنٹس کی افادیت اور دستیابی کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کو نیکسٹ لیول پر لے جایا جا رہا ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سینکڑوں مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ موٹرویز پر بھی ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ محکمہ ایمرجنسی سروسز کو اربوں روپے کے جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے اور عوام کو بروقت امدادی خدمات کی فراہمی کے لیے نئی ایمبولینسز بھی خریدی گئی ہیں۔

 خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ کثیرالمنزلہ عمارات میں فائر سیفٹی اور آگ بجھانے کے مؤثر انتظامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کے اقدامات کے حوالے سے کسی دباؤ میں آئے بغیر میرٹ کے مطابق کام کیا جائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ بلڈنگ سیفٹی پر عملدرآمد اور مختلف اداروں کی تربیتی مشقیں قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے ریسکیو اکیڈمی میں جاری تربیتی سیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔

مزیدخبریں