لاہور: کم سن بچوں کے لیے قائم ڈے کیئر سینٹرز کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے نے قائمہ کمیٹی ویمن ڈویلپمنٹ کو ایکٹ کا مسودہ جلد تیار کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی چیف وہپ رانا ارشد نے استفسار کیا کہ کیا وفاق کی طرز پر پنجاب میں ڈے کیئر سینٹرز کے لیے کوئی قانون موجود ہے؟ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے نے بتایا کہ فی الحال پنجاب میں ڈے کیئر سینٹرز وزیراعلیٰ کے انیشیٹو کے تحت قائم کیے جا رہے ہیں۔
رانا ارشد نے سوال کیا کہ کیا ڈے کیئر سینٹرز کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے کوئی تجویز زیر غور ہے؟ ثمن رائے نے بتایا کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں، تاہم اس معاملے پر کام کیا جائے گا۔
رانا ارشد نے کہا کہ حکومت کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، تاہم ڈے کیئر سینٹرز کے لیے قانونی فریم ورک ضروری ہے۔ قانون سازی سے یہ بھی واضح ہو سکے گا کہ کن اداروں کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم کرنا لازم ہوگا۔
سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے نے کہا کہ کمیٹی کی تجویز پر پہلی فرصت میں اجلاس بلایا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ جلد از جلد ڈے کیئر سینٹرز کے حوالے سے ایکٹ کا مسودہ تیار کر لیا جائے۔
سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ نے گزشتہ اجلاس میں بھی قائمہ کمیٹی کو قانون سازی کے حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی۔