اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں اقساط کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے: بلال یاسین

08:54 PM, 21 Sep, 2026

لاہور: وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے انتظامی امور اور قرضوں کی اقساط کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔

 اجلاس میں بلال یاسین نے ہدایت کی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض کی اقساط کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور پہلی قسط کے بعد مقررہ مدت میں دوسری قسط کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

 وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ پروگرام میں درخواستوں اور قرض کی اقساط کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ان کے مطابق اب تک 2 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں میں 264 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

 بلال یاسین نے بینک آف پنجاب، اخوت، این آر ایس پی اور دیگر متعلقہ اداروں کو اقساط کی بروقت ادائیگی کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں سے براہ راست فون پر فیڈ بیک حاصل کیا جائے اور عوامی رائے کی روشنی میں پروگرام کے انتظامی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

 بلال یاسین نے کہا کہ ہر گھر کی تعمیر ایک خاندان کے بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کا حل ہے۔

مزیدخبریں