پنجاب حکومت کا عوام دوست اقدام: ٹرانسپورٹ کی مد میں 80 کروڑ روپے کی سبسڈی جاری

09:24 PM, 22 Apr, 2026

لاہور :حکومتِ پنجاب نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 80 کروڑ روپے کی خطیر سبسڈی دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں کے سفری بوجھ کو کم کرنا ہے۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق، اس سبسڈی کے نتیجے میں صوبے بھر میں روزانہ تقریباً 14 لاکھ مسافر فری ٹرانسپورٹ کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ میٹرو بس، اورنج لائن اور دیگر سرکاری سفری ذرائع پر دی جانے والی اس سہولت نے عام آدمی خصوصاً محنت کش طبقے اور طلبہ کو بڑی مالی راحت پہنچائی ہے۔
جہاں ایک طرف عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وہیں دوسری جانب حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی حالیہ کمی کے پیش نظر پالیسی پر نظرثانی کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ     پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باعث ٹرانسپورٹ چارجز کو دوبارہ لاگو کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔    آئندہ ماہ سے مسافروں سے دوبارہ کرایہ وصول کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
حکومتی حکام کا مؤقف ہے کہ سبسڈی کا مقصد ہنگامی بنیادوں پر ریلیف دینا تھا، اور پٹرول سستا ہونے کی صورت میں سسٹم کو پائیدار بنانے کے لیے چارجز کی بحالی ضروری ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں