عوام کو نئے صوبوں کی افادیت سمجھ آگئی تو پیشرفت جلد ہوگی، میاں عامر محمود

10:49 AM, 22 Aug, 2026

لاہور:میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، عوام کو اس معاملے کی اہمیت سمجھ آگئی تو نئے صوبوں کے قیام پر پیشرفت جلد ہوگی۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک نے آبادی میں اضافے کے ساتھ انتظامی یونٹس میں اضافہ کیا، پاکستان میں بھی آبادی اور ضروریات کے تناسب سے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی اخراجات کم ہونے کے ساتھ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان اچھی گورننس چاہتے ہیں، اس لیے بہتر انتظامی نظام کے لیے نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدہ غور ضروری ہے۔ نئے صوبوں کے حوالے سے پائی جانے والی نفرت کو بھی سمجھنا ہوگا اور اس کے پیچھے چھپی وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا۔

میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ پنجاب ہر سال بلوچستان کو اربوں روپے فراہم کر رہا ہے۔ بلوچستان کے آٹھ ڈویژن کو الگ صوبوں میں تبدیل کیا جائے تو وہاں کے نئے صوبے معاشی لحاظ سے مضبوط ہو سکتے ہیں اور ان میں ملک کے سب سے زیادہ خوشحال صوبے بننے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاقے تھر میں بھی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم غربت کا خاتمہ تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ غربت اس وقت کم ہوگی جب ہم اپنے بچوں کو تعلیم دے سکیں گے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ پنجاب کے لوگ چھوٹے صوبوں کے قیام کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو بہتر گورننس، معیاری تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

مزیدخبریں