پاکستان کے نوجوانوں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں، چیئرمین ایچ ای سی

11:14 AM, 22 Aug, 2026

لاہور: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد تعلیم کی فراہمی کے ساتھ تحقیق، تخلیقی صلاحیت اور جدت کو فروغ دینا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

’سی پاکستان 2026‘ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ کریئیٹوٹی اور انوویشن جامعات کے ذریعے فروغ پاتی ہے، اس لیے تعلیمی اداروں کو طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی اداروں کو بھی اپنے نظام اور طریقہ کار میں بہتری لانا ہوگی۔ طلبہ کو جدید تعلیم کے ساتھ تحقیق، عملی تجربات اور تخلیقی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ طلبہ کی صلاحیتیں نکھارنے میں تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ جامعات نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرکے انہیں ملک کی ترقی اور معاشی استحکام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ملک میں ان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تعلیمی اداروں، صنعت اور دیگر شعبوں کے درمیان روابط مضبوط کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں