نوجوانوں کی صلاحیتوں سے ملکی ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، وجیہہ قمر

11:39 AM, 22 Aug, 2026

لاہور: وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کرکے ملکی ترقی اور معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے کہا کہ آج چار ہزار سے زائد نوجوان ایک ہی ہال میں موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل میں کاروباری، تخلیقی اور اختراعی سرگرمیوں کے حوالے سے بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ سرمایہ کاری میں اضافے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر مملکت برائے تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے جہاں وہ اپنے نئے آئیڈیاز اور کاروباری منصوبے پیش کرسکیں۔ اسٹارٹ اپس کے فروغ سے نوجوان نہ صرف خود روزگار حاصل کرسکتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔

وجیہہ قمر نے بتایا کہ ایک سال قبل ایک یونیورسٹی میں تقریباً 100 اسٹارٹ اپس تھے، تاہم اب نوجوانوں میں اسٹارٹ اپ کلچر تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ملکی اور عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا پاکستان کے روشن اور مضبوط مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں