جرمنی پاکستانی نوجوانوں کو مختلف اسکالرشپس فراہم کر رہا ہے، جرمن سفیر

10:33 AM, 22 Aug, 2026

لاہور: جرمن سفیر ایچ ای اینا لیپل نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان تعلیم کے ساتھ جدید مہارتیں بھی حاصل کر رہے ہیں، پاکستانی جامعات طلبہ کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں جبکہ جرمنی پاکستانی نوجوانوں کو مختلف اسکالرشپس فراہم کر رہا ہے۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر نے کہا کہ تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ سپیریئر گروپ پاکستان کے نجی شعبے میں ایک اہم شراکت دار ہے اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قابلِ ذکر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صرف تعلیم حاصل نہیں کر رہے بلکہ مختلف عملی مہارتیں بھی سیکھ رہے ہیں۔ جامعات کی جانب سے طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے جو خوش آئند ہے۔

ایچ ای اینا لیپل نے کہا کہ علامہ اقبال بھی پاکستان کے موجودہ نوجوانوں کی کامیابیوں پر فخر کرتے۔ پاکستان کے متعدد نوجوان جرمنی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستانی طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے لیے مختلف اسکالرشپس فراہم کر رہا ہے۔ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری آئیڈیاز اور ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا اہم پلیٹ فارم ہے، ایسے مواقع نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے میں مدد دیتے ہیں۔

مزیدخبریں