لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے گڈ گورننس، میرٹ اور عوامی خدمت کے حوالے سے نمایاں اقدامات کیے ہیں، مخالفین کو تنقید کے بجائے پنجاب کے اقدامات سے سیکھنا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب دوسرے صوبوں کی رہنمائی کے لیے خلوصِ نیت سے تیار ہے۔ حکومت نے عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں متعدد اہم منصوبے مکمل کیے اور شروع کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کردیا ہے، جہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ مستحق مریضوں کو یہ علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مریم نواز جلد پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا افتتاح کریں گی، جو ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ ان کے مطابق سرگودھا کارڈیالوجی ہسپتال بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پاکستان بھر سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سالہ محنت کے نتائج اب سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔