لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے 109 املاک کو سربمہر کر دیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق مختلف ٹیموں نے سمن آباد، شاد باغ، گلشن راوی، گلبرگ، فیصل ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی عمارتوں کو سیل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات اور بغیر منظوری کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ املاک کے استعمال سے قبل متعلقہ قوانین اور ضوابط کی پابندی یقینی بنائیں۔