لاہور: این اے-129 ضمنی الیکشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے، اور ٹاؤن شپ آر او آفس سے انتخابی عملہ اور پولیس کی نگرانی میں سامان وصول کر کے متعلقہ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔
کل 558,364 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 289,339 مرد اور 269,025 خواتین شامل ہیں۔ الیکشن کے لیے 132 بلڈنگز میں 334 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ ان میں سے 26 بلڈنگز کے 110 پولنگ اسٹیشنز کیٹیگری اے کے تحت حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ کیٹیگری بی میں 106 بلڈنگز کے 224 پولنگ سٹیشنز شامل ہیں۔
تمام پولنگ اسٹیشنز میں مرد ووٹرز کے لیے 541 اور خواتین ووٹرز کے لیے 504 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 5,152 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں 402 لیڈیز پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔