لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈور پھرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 21 سالہ نوجوان نعمان یوسف جاں بحق ہوگیا۔ متوفی مزنگ کا رہائشی تھا اور کام سے واپس گھر جا رہا تھا کہ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں اچانک گلے پر ڈور پھر گئی۔ اُسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، نعمان موٹر سائیکل پر سوار تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے پتنگ بازی اور ڈور کے آزادانہ استعمال پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ خونی ڈور کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور ذمہ داروں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔