لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تعصب اور لسانیت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ پورے پاکستان کی ترقی اور یکجہتی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کی طرف سے ایک دوسرے کی تعریفیں سامنے آ چکی ہیں، اگر وہ ان کی بات نہیں مانتے تو کراچی اور سندھ کے لوگ مریم نواز کو قبول کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جتنی وفاق اور پنجاب کی فکر ہے، اتنی سندھ اور کراچی کی بھی فکر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے سندھ اور کراچی کو ایک پسماندہ علاقہ بنا دیا ہے، جبکہ پنجاب میں گندم کی وافر مقدار موجود ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز کی بروقت پلاننگ سے لاکھوں جانیں بچائی گئی ہیں، جبکہ ان کی سیاسی مخالف جماعت کے لوگ بارش رکنے پر ہی باہر نکلنے کی بات کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چیف منسٹر اور ان کی کابینہ سیلاب متاثرین کے ساتھ موجود ہیں، اگر سندھ میں بھی ایسی مثالیں ہیں تو وہ ضرور سامنے لائی جائیں۔