لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پراپرٹی اونرشپ ایکٹ کی معطلی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عدالتی فیصلہ اعلیٰ عدلیہ کے طے شدہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور عوام اس اقدام کو قبضہ مافیا کی پشت پناہی سمجھیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ قانون سازی کرنا اسمبلی کا آئینی حق ہے اور اس حق سے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پراپرٹی اونرشپ ایکٹ مظلوم عوام کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے، جس کی معطلی عام شہریوں کے مفادات کے خلاف ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس قانون کو روکنے کا نقصان ان کی ذات کو نہیں بلکہ غریبوں، مسکینوں، بے کسوں، بیواؤں اور مظلوم طبقے کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انصاف نہ ملا تو غریب اور مظلوم عوام کی امیدیں ٹوٹ جائیں گی۔
مریم نواز نے زور دیا کہ حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی اور مظلوم طبقے کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔