پنجاب میں اجرتی قاتلوں کی اب خیر نہیں؛ سی سی ڈی کا صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

04:17 PM, 23 Feb, 2026

لاہور : پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے سی سی ڈی نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں اجرتی قاتلوں (Target Killers) کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد ان شوٹرز کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے جو رقم کے عوض انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق، آپریشن کے دوران ان پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ماضی میں جن افراد نے شوٹرز کے ذریعے قتل کروائے، اب انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔ لاہور سمیت دیگر اضلاع میں قتل کے ایسے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جہاں لواحقین کو ڈرا دھمکا کر صلح پر مجبور کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے شوٹرز کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی تھی۔
سی سی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی مطلوب شوٹر کو معافی نہیں ملے گی۔ تمام اضلاع کے افسران کو حکم دے دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ میں موجود مطلوب شوٹرز کی فہرستیں تیار کریں اور ان کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
ایسے مقدمات جن میں صلح ہو چکی ہے لیکن مرکزی شوٹر مفرور ہے، ان کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ افراد قانون کی گرفت سے نہ بچ سکیں۔
یہ آپریشن محض لاہور تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ان نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جائے گا جو کرائے کے قاتل فراہم کرتے ہیں۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ شوٹرز کی گرفتاری سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی۔

مزیدخبریں