انجینئرنگ کی تعلیم ہی ملکی ترقی اور کامیابی کی حقیقی کنجی ہے: وفاقی وزیر احسن اقبال

10:05 PM, 23 Feb, 2026

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم کی طاقت کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور انجینئرنگ کا شعبہ کسی بھی ملک کی معاشی و صنعتی خوشحالی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
 وفاقی وزیر نے یو ای ٹی لاہور کو ایک تاریخ ساز ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل انجینئرز نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ احسن اقبال نے نوجوانوں کو نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ضرورت صرف محنت اور جدید علوم سے آراستگی کی ہے۔
 انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کامیابی حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ترین وسائل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ تعلیم کی طاقت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں اور ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

مزیدخبریں