پنجاب حکومت کا نیا پیکیج: جوائنٹ فیملیز کے لیے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام میں توسیع

10:27 AM, 23 Jan, 2026

لاہور:صوبائی حکومت نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کو جوائنٹ فیملیز تک بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام جوائنٹ فیملی سسٹم کو مضبوط بنانے اور سماجی ہم آہنگی فروغ دینے کے لیے انقلابی قدم ہے۔

اس پروگرام کے تحت جوائنٹ فیملیز کو بلاسود اور آسان اقساط پر قرض دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھروں میں توسیع کر سکیں۔ اس کے علاوہ، جن شہریوں کے پاس زمین نہیں ہے، انہیں حکومت کی جانب سے پلاٹس فراہم کیے جائیں گے اور گھر بنانے کے لیے قرضے بھی دیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں 1534 پلاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے، جس میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جون 2026 تک 1,60,000 گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 18,80,081 ہے جبکہ درخواست گزار 10,66,559 ہیں۔ اب تک پروگرام کے تحت 67,197 گھر آباد ہو چکے ہیں اور 53,843 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ 164.66 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ صارفین کے انتقال کی صورت میں متاثرہ خاندانوں کے لیے پالیسی مرتب کی جائے اور پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے تاکہ مزید افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

مزیدخبریں