لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے سانحہ گل پلازہ پر خصوصی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یکم فروری کو شاہراہ فیصل پر تاریخی ’’جینے دو مارچ‘‘ منعقد کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، کیونکہ آج تک وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی مسلسل نظرانداز ہو رہا ہے اور شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کراچی کے شہریوں اور تمام طبقات کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ظلم، ناانصافی اور بدانتظامی کے خلاف خاموشی اختیار کرنا مسئلے کا حل نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہر کے مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رہے گی۔