ترک ماڈل کو اپنانے کا ارادہ، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا ترک قونصلیٹ کا دورہ

06:10 PM, 23 Jul, 2025

لاہور: وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے لاہور میں ترک قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں ترک قونصل جنرل سے صحت کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر مفصل بات چیت ہوئی۔ وزیر صحت نے پاکستانی قوم کی جانب سے بنیان مرصوص میں ترک تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ترکی ایک برادر اسلامی ملک ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ترک صدر محترم طیب اردگان کی بھارتی جارحیت کے خلاف کھل کر پاکستان کی حمایت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اس عظیم تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے طبی تربیت، ٹیکنالوجی، اور ریسرچ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر صحت نے ترک حکومت کی طرف سے دیے گئے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی کے ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں صحت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہور میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے ترکی کی معاونت کے کئی مواقع موجود ہیں، اور دونوں ممالک کے مابین صحت کے شعبے میں روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ ہیلتھ سیکٹر کی ترقی اور اپ گریڈیشن وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی صحت کے نظام میں اصلاحات، جیسے کلینک آن ویلز، مریم نواز ہیلتھ کلینک، بی ایچ یوز، ڈی ایچ کیوز اور آر ایچ سیز کی اپ گریڈیشن کو عوامی خدمت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

مزیدخبریں