لاہور: پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کے فروغ اور فلم سٹی کے قیام کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کا 16 رکنی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو بورڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب بورڈ کی شریک رکن اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ وائس چیئرمین ہوں گے۔
بورڈ میں اراکین پنجاب اسمبلی صاحبزادہ محمد گزین عباسی، آمنہ حسن اور سارہ احمد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نجی شعبے سے ندیم مانڈویوالا، ونیزہ احمد، اعتزاز اسلم چوہدری، عمارہ ایس گوندل اور ڈاکٹر فواد بیگ کو بورڈ کا رکن نامزد کیا گیا ہے، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بورڈ کے رکن اور سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ فوری طور پر فعال ہو گیا ہے اور اس کی مدت تین سال ہوگی۔ بورڈ پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ، فلم سٹی کے قیام اور اس حوالے سے پالیسی سازی کے امور کی نگرانی کرے گا۔