مری : مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کا اعلیٰ سطحی دورہ کر کے شہر کے انتظامی امور اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا ہے۔ دورے کے دوران مری انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ قیادت کو ملکہ کوہسار میں جاری فلاحی منصوبوں اور پبلک انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
قائد ن لیگ میاں نواز شریف نے بریفنگ کے بعد ہدایات جاری کیں کہ مری کے روایتی حسن اور ماحول کو متاثر کیے بغیر شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جائے اور یہاں پینے کے پانی اور صفائی کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ افسران کو سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ سیاحوں اور مقامی آبادی کی سہولت کے لیے تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مری کی تعمیر و ترقی اور ماسٹر پلان پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔