لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے 'ستھرا پنجاب' وژن کے تحت عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عید پر بیوپاریوں کی سہولت کے لیے مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، تاہم مخصوص مقامات کے علاوہ کہیں بھی غیر قانونی منڈی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے انتباہ جاری کیا کہ شہر میں جگہ جگہ گندگی پھیلانا ناقابلِ قبول ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عظمیٰ بخاری نے صحافیوں کے حقوق اور رہائشی منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے لیے قائم سکروٹنی کمیٹی نے اپنا کام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے بہت جلد صحافی برادری کو اس حوالے سے باقاعدہ خوشخبری دی جائے گی۔
خیبر پختونخوا کے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ کے پی سے آنے والی کرپشن کی داستانیں سو فیصد حقیقت پر مبنی ہیں، جہاں اس وقت پیسوں کے عوض وزارتوں کے سودے ہونے کی باتیں عام ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو شخص یا ادارہ ان کی پالیسیوں کے حق میں نہ بولے، اس سے بدتمیزی کرنا اس سیاسی پارٹی کا مائنڈ سیٹ بن چکا ہے۔
مویشی منڈیوں سے باہر گندگی پھیلانے پر ایکشن ہوگا، صحافی کالونی فیز ٹو کا کام مکمل؛ عظمیٰ بخاری
04:53 PM, 23 May, 2026