لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خدمت پر مبنی سیاست نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹرز کی اولین ترجیح بنا دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار بڑے مارجن سے کامیاب ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیو بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کا رش موجود ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے کیمپس سنسان ہیں۔
وزیر اطلاعات نے صوبے میں حکومت کی ترقیاتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ 10 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں، تین لاکھ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، 20 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر اور 25 ہزار نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس دی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جدید الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں اور عوام نے انتشار اور نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام صرف خدمت کو اہمیت دیتے ہیں اور دھاندلی کے شور سے متاثر نہیں ہوں گے۔