لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے "اپنی چھت، اپنا گھر" کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرضے فراہم کرنے کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس کامیابی کو غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہاؤسنگ سیکٹر میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے بلکہ غریب طبقے کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔
ان کے مطابق، منصوبے کے تحت صرف 10 ماہ کے دوران 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے، جن میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ 64,190 گھروں پر کام آخری مراحل میں ہے۔
مریم نواز شریف نے پراجیکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "10 ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنا قابلِ تقلید مثال ہے"، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن میں پوری سنجیدگی سے مصروف ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "غریب آدمی کو اپنی چھت ملنا اللہ تعالیٰ کا بڑا کرم ہے،" اور اس موقع پر انہوں نے نواز شریف کی عوام دوست سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی نے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کرے گی۔ ان کے مطابق، پہلی بار عام آدمی نے یہ محسوس کیا ہے کہ ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر وقت سرگرم رہتی ہے۔