لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور تین شفٹوں میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دونوں منصوبوں پر جاری کام کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے معائنہ بھی کیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے دوران 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن مکمل کی جا چکی ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔