پی پی 150 لاہور میں قائد اعظم اور نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب، خواجہ عمران نذیر نے قیادت کو خراج تحسین پیش کیا

10:54 PM, 24 Dec, 2025

لاہور: پی پی 150 لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے ساتھ کرسمس کی مشترکہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے۔ تقریب میں کارکنان نے “نواز شریف زندہ باد” اور “مریم نواز زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

خواجہ عمران نذیر نے تقریب سے خطاب میں نواز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہ لیڈر ہیں جو غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا میاں نواز شریف کے سر ہے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کی بنیاد 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں سے رکھی گئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف عوامی خدمت اور ترقی کی علامت ہیں، جنہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے نواز شریف کی صحت، درازی عمر اور کامیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ نواز شریف کو دیوار سے لگانے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا، جبکہ ان کے خلاف سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو اب تجربات نہیں بلکہ نواز شریف جیسی قیادت چاہیے جو ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال سکے، اور کارکنان سے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے کو ہر گلی، ہر شہر تک پہنچائیں اور نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہیں۔

مزیدخبریں