لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے تمام شہروں کے درمیان ترقیاتی فرق کو ختم کر کے پورے صوبے کو یکساں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ اب لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی عالمی معیار کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں ترقی صرف چند علاقوں تک محدود تھی، لیکن مریم نواز کے وژن کے تحت اب "ون پنجاب" کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان کے مطابق اب ترقی کے لیے نہ کوئی ساؤتھ (جنوبی) ہے اور نہ ہی سینٹرل (وسطی)، بلکہ صرف ایک پنجاب ہے جہاں ہر شہری کو یکساں سہولیات ملیں گی۔
لاہور کی خوبصورتی اور جدید تعمیرات کی مثالیں پوری دنیا میں دی جاتی ہیں، اب یہی معیار پنجاب کے باقی اضلاع میں بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے ٹیکس کے پیسے کو امانت سمجھتی ہے۔ عوام کے ٹیکس کا پائی پائی پیسہ اب براہِ راست ان کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر خرچ ہو رہا ہے۔ ترقی اور خوبصورتی کا سفر اب صرف لاہور کی شاہراہوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دور دراز کے شہروں تک پہنچ رہا ہے۔
صوبائی حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دیگر شہروں کو بھی لاہور کی طرح خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے جامع ماسٹر پلانز پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد چھوٹے شہروں کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا اور وہاں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
’اب نہ کوئی ساؤتھ ہے، نہ سینٹرل، بس ایک پنجاب ہے‘: مریم نواز نے شہروں کی تفریق ختم کر دی
03:01 PM, 24 Feb, 2026