لاہور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے وژن کے تحت 'رمضان نگہبان پیکیج' کی شفاف تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے مستحق خاندانوں تک مالی امداد کی فراہمی کے لیے فیلڈ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔تحصیل صدر کے علاقے بیدیاں روڈ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان سیال نے مستحقین میں رمضان نگہبان کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طلحہ برکی اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نواز بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے حکومتی ریلیف مشن کی نگرانی کی۔
پہلے مرحلے میں بیدیاں روڈ کے گردونواح سے تعلق رکھنے والے 150 مستحق خاندانوں کو نگہبان کارڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ انتظامی افسران کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہر کارڈ کی فراہمی سے قبل مستحق فرد کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ حقدار کا حق نہ مارا جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس حوالے سے واضح کیا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ ہر مستحق تک اس کا حق پہنچانے کے لیے کاربند ہے۔ رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہم اس عمل کو ہر صورت یقینی بنا رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق، رمضان نگہبان کارڈز کی فراہمی کا مقصد ماہِ صیام میں غریب اور متوسط طبقے پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔ ضلعی افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا بدعنوانی کا سدِباب کیا جا سکے۔
رمضان نگہبان پیکیج: لاہور میں مستحقین کو کارڈز کی تقسیم شروع، شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت
03:08 PM, 24 Feb, 2026