لاہور : لیسکو کی ایسٹرن سرکل ٹیم نے شالیمار سب ڈویژن کے علاقے میں بجلی چوروں کے خلاف ایک بڑا سرپرائز آپریشن کیا ہے۔ ایس ای ایسٹرن فیضان بٹ کی سربراہی میں کی گئی اس کارروائی کے دوران بجلی چوری کے جدید اور حیران کن طریقے بے نقاب ہوئے ہیں۔کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر ڈائریکٹ سپلائی (کنڈے) لگا کر بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ لیسکو ٹیم کو دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ گھروں اور ان کے ساتھ منسلک دکانوں میں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے لیسکو کو بھاری مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔
ان صارفین کو لیسکو کی جانب سے لائف لائن اور پروٹیکٹڈ کیٹگری (کم ترین یونٹس) کے بل آ رہے تھے، جس کا مقصد حکومتی رعایت سے فائدہ اٹھانا تھا۔
جب گھروں کی تلاشی لی گئی تو وہاں لائف لائن بلوں کے برعکس اے سی (AC) اور ہیٹرز چلتے ہوئے پائے گئے، جن کا بوجھ براہِ راست کنڈوں پر تھا۔ایس ای فیضان بٹ نے موقع پر ہی بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے اور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ان صارفین کو بھاری جرمانے (ڈیٹیکشن بلز) بھی چارج کیے جائیں گے۔
فیضان بٹ نے واضح کیا کہ بجلی چوری قومی جرم ہے اور لائف لائن صارفین کی آڑ میں اے سی چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسٹرن سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ ایماندار صارفین پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
لیسکو کی شالیمار میں بڑی کارروائی: لائف لائن بل لینے والے گھروں سے اے سی اور ہیٹر برآمد، بجلی چوری پکڑی گئی
03:20 PM, 24 Feb, 2026