لاہور :لاہور میں تین روزہ "محفوظ بسنت 2026" کی تیاریوں کے سلسلے میں کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بسنت کے دوران شہریوں کے تحفظ، روڈ سیفٹی، ریسکیو آپریشنز اور صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بسنت کے لیے شہر کو ریڈ، ییلو اور گرین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ اندرون لاہور کی چھتوں کا سروے کر کے خطرناک عمارتوں پر وارننگ نوٹس لگائے جائیں گے۔ کمشنر لاہور نے فوڈ سپلائرز کو موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریسکیو 1122 گنجان علاقوں میں ماک ایکسرسائز مکمل کرے۔
کمشنر نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈی سی آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا ہے اور بسنت کے دوران شہریوں کو فری رائیڈ سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 6 فروری سے قبل پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی اور "محفوظ بسنت" صرف 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور میں منائی جائے گی۔