ہنر مند نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، پرواز کارڈ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے: مریم نواز

01:31 PM, 24 Jun, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنر سیکھنے والے نوجوان اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے طلبہ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، نوجوانوں کا انتخاب شفاف طریقے سے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا اور کسی سفارش کو اہمیت نہیں دی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے دروازے کھلیں گے، کیونکہ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کو زیادہ مواقع اور بہتر مقام حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے اور ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرکے انہیں روزگار کے قابل بنانا حکومت کی اہم ترجیح ہے، تاکہ وہ اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی کردار ادا کر سکیں۔

مزیدخبریں