کوئی بھی بیٹی جہیز یا وسائل کی کمی کی وجہ سے گھر نہیں بیٹھے گی؛ گورنر پنجاب ، عیدالاضحیٰ کے بعد 500 اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر

06:14 PM, 24 May, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام بچیاں میری بیٹیوں کی طرح ہیں اور میرے ہوتے ہوئے وسائل کی کمی کے باعث کسی بیٹی کی شادی نہیں رکے گی۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں 120 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر چیف آرگنائزر ملک کامران خاکی اور ان کی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پہلے 35 اور پھر 100 شادیوں کا ہدف تھا، لیکن ٹیم نے دن رات محنت کر کے آج 120 مستحق بچیوں کو عزت و وقار کے ساتھ رخصت کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے تقریب کے دوران اعلان کیا کہ عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد 500 اجتماعی شادیوں کے دوسرے بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹیم کے اراکین کے جذبے کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اگلے مرحلے میں ٹیم کا ہر رکن ذاتی طور پر 10، 10 شادیوں کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گا تاکہ اس کارِ خیر کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا سکے۔

مزیدخبریں