یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا، عوام نے خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا: وزیراعلیٰ پنجاب

02:58 PM, 24 Nov, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی شمولیت اور حمایت کسی بھی سیاسی عمل کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے جب عوام ساتھ ہوں تو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو دھاندلی کا شبہ ہو تو اسے بائیکاٹ کے بجائے حقائق سامنے لانے چاہئیں۔

صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سامنے آنے والے نتائج نے سیاسی ماحول کو واضح کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ انتخابات عام مقابلہ نہیں بلکہ ایک طرح کا عوامی فیصلہ تھے، جس میں ووٹرز نے کارکردگی کو بنیاد بناتے ہوئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی بیانیہ تبھی مضبوط ہوتا ہے جب اسے عملی کارکردگی کا سہارا حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کیا مگر خیبرپختونخوا میں الیکشن میں حصہ لیا، اور وہاں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’قیدی نمبر 804‘‘ کے نام پر چلایا جانے والا کھیل بھی ووٹروں کو قائل نہ کر سکا۔

مریم نواز کے مطابق ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد، کارکردگی اور خدمت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یہ جیت نواز شریف کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کے نام کی۔

مزیدخبریں