پشاور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کے ساتھ 18 ماہ حکومت کرنا ایک بھیانک خواب تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حالیہ حکومت ملک کے مفاد میں بنائی گئی، لیکن اس سے نقصان ہوا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آٹے کی کے پی میں ترسیل نہ ہونے کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ اٹھائیں گے اور پابندی ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان اور جمہوریت کی بات کی ہے، اور سیاسی فیصلے سیاسی انداز میں کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کو فطری نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورکر خوش نہیں ہیں، لیکن ملک کے مفاد میں یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ گورنر نے کے پی حکومت سے کہا کہ صوبے کے مسائل حل کرنے کے لیے مرکز کے ساتھ بات چیت ضروری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے جرگے اور کمیٹیوں کے ذریعے وفاق سے حقوق حاصل کیے جائیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مرکز اور صوبہ ایک پیج پر رہیں۔