لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژائو شیرین کی دعوت پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پہنچنے پر قونصل جنرل اور ان کی اہلیہ نے گورنر پنجاب کا استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا، جس میں صوبائی وزرا، بیوروکریٹس، آئی جی پنجاب، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر چین کی عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان اور چین کی دوستی دن بہ دن مضبوط ہو رہی ہے۔ چین ہمارا قریبی ہمسایہ ہے اور اس دوستی پر ہمیں فخر ہے۔ صدر آصف علی زرداری کے ماضی اور موجودہ دور میں چین کے دورے پاکستان کے لیے بے حد فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا"پاکستانی قوم چین کو اپنا دوست سمجھتی ہے اور چین کی مصنوعات کو پاکستان میں بڑی دلچسپی سے خریدتی ہے۔ پاک چین اقتصادی کوریڈور (CPEC) دوستی کی ایک عظیم مثال ہے، جس کی بنیاد صدر مملکت آصف علی زرداری نے رکھی۔ پاکستان کی تاریخ میں چین نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا، یہاں تک کہ بھارت کے خلاف دفاعی محاذ پر بھی چین نے پاکستان کی مدد کی۔"