ملیریا کا خاتمہ ہمارا مشن، عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں: وزیراعلیٰ مریم نواز

01:52 PM, 25 Apr, 2026

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا ایک خطرناک لیکن قابلِ علاج مرض ہے، جس کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور عوام کو ایک ہو کر جدوجہد کرنی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ملیریا کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ     تمام سرکاری ہسپتالوں اور مراکزِ صحت میں ملیریا کے مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔    ادویات کی فراہمی اور تشخیصی نظام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ بروقت علاج کو یقینی بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور گھروں کے گرد و نواح میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
اپنے پیغام کے آخر میں وزیراعلیٰ نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا  "پنجاب کا ہر فرد اور ہر خاندان ہماری ترجیح ہے۔ عوام کی صحت کا تحفظ ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں انسدادِ ملیریا مہم کو مزید متحرک کریں تاکہ صوبے کو اس موذی مرض سے پاک کیا جا سکے۔

مزیدخبریں