لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کے شعبہ صحت میں انقلابی اور تاریخی اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (PHIMC) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 109 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی فلاح کے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی، جبکہ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے مختلف ایجنڈے منظوری کے لیے پیش کیے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے امپینلڈ (Emptaneled) ہسپتالوں کے ذریعے غریب اور مستحق مریضوں کو اربوں روپے کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سرکاری اور نجی امپینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات، ٹیسٹ اور سرجری کی سہولیات میسر ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر شہری تک معیاری صحت کی رسائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ کوئی بھی شخص علاج کی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے پریشان نہ ہو۔
بورڈ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے شعبہ صحت میں جاری مختلف دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں 108 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز (BOD) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ نئے ایجنڈوں کے تحت ہسپتالوں کی مینجمنٹ اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی منظوری دی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہیلتھ انیشی ایٹو کے تمام منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔
پنجاب کے شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات: امپینلڈ ہسپتالوں سے مریضوں کے اربوں روپے کے مفت علاج کی فراہمی جاری
04:13 PM, 25 Feb, 2026