لاہور میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا ایکشن، 65 املاک سربمہر

05:08 PM, 25 Feb, 2026

لاہور:لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LDA) نے شہر کے مختلف پوش علاقوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں املاک کو سیل کر دیا ہے۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے مصطفیٰ ٹاؤن، کینال بینک روڈ، گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن میں بھرپور کارروائیاں کیں، جہاں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی 65 املاک کو موقع پر سربمہر (Seal) کر دیا گیا۔ یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی براہِ راست زیرِ نگرانی کیا گیا۔
کارروائی ان عمارتوں کے خلاف کی گئی جنہوں نے کمرشل فیس جمع نہیں کروائی تھی یا جو رہائشی نقشوں پر غیر قانونی طور پر تجارتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھیں۔ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بغیر منظوری کے تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں