آپریشن بنیان مرصوص میں فیصلہ کن کامیابی، بھارت پسپا، قوم متحد: عظمیٰ بخاری

04:36 PM, 25 Jul, 2025

لاہور::پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور مؤثر حکمت عملی نے جنگ کا پانسہ پلٹا، اور بھارت جیسے بڑے دشمن کو جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے سفارتی، عسکری اور سیاسی محاذ پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ افواج پاکستان کی کامیابی پر دنیا بھر میں تحسین کی جا رہی ہے، جبکہ امریکی صدر کی جانب سے آرمی چیف کو عشائیے کی دعوت دینا عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کے وقار کی علامت ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کی قیادت ملک میں ادارہ جاتی بداعتمادی پیدا کرنے کے لیے ایک منفی مہم چلا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے۔ ان کے بقول 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی قانون کی حکمرانی کے تحت کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نوجوان نسل افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور تاریخی کامیابی پر اپنی محبت اور اعتماد کا بھرپور اظہار کر رہی ہے۔

مزیدخبریں