گورنر پنجاب کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، 14 مقدمات میں باعزت بریت پر مبارکباد

06:36 PM, 25 Jul, 2025

لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ سے 14 مقدمات میں باعزت بری ہونے پر چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ہمیشہ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات کا بہادری سے سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا گیا، مگر ان کا عزم کمزور نہ ہوا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے گورنر پنجاب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار سلیم حیدر کی کوششوں سے نہ صرف پارٹی متحرک ہوئی ہے بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے لوگ بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور جمہوریت کے فروغ کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح صوبے میں جمہوری روایات کو فروغ دینا اور کارکنوں میں نئی سیاسی روح پھونکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام کی سیاست نے ملک کی جمہوری بنیادوں کو کمزور کیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست کا راستہ نہیں اپنایا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں