لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت جیل ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جیلوں میں طبی سہولیات کی بہتری کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قیدیوں کے لیے مؤثر ریفرل سسٹم متعارف کرانے اور بڑے سرکاری ہسپتالوں میں جیل کاؤنٹرز قائم کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کی جیلوں میں خاتون میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتالوں میں ماہرِ نفسیات کی خدمات فراہم کی جائیں اور ڈپریشن کے علاج کے لیے ضروری ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جیل ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قیدیوں کو معیاری، بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔