پنجاب کے صحت منصوبوں میں تیزی، دل کے ہزاروں مریض بچوں سمیت لاکھوں افراد مفت علاج سے مستفید

06:52 PM, 25 Jun, 2026

لاہور: پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 117واں اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری صحت کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک 13 ہزار 565 سے زائد بچوں کے دل کے کامیاب آپریشن مفت کیے جا چکے ہیں۔ پروگرام سے پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں اور آزاد کشمیر کے بچے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی صحت پروگراموں کے تحت امپینلڈ ہسپتالوں کے ذریعے مریضوں کو ساڑھے 18 ارب روپے سے زائد مالیت کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ بورڈ نے منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کے مریضوں کے لیے سالانہ 13 ارب روپے کی لاگت سے مفت تشخیص، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی اور دیگر علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ فالج اور امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے بھی مفت علاج کے پروگرام جاری ہیں، جبکہ ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت دو ہزار سے زائد ٹرانسپلانٹس مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ڈائیلسز پروگرام کے ذریعے 19 لاکھ 32 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت ڈائیلسز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مزیدخبریں