لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور کوارڈینیٹر وزیر اعظم حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اگر محرم الحرام کے دوران کہیں بھی کوئی مشکل یا مسئلہ پیش آتا ہے تو فوری طور پر مقامی انتظامیہ، مقامی پولیس اور امن کمیٹیوں کے ممبران کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی اور اس سے منسلک صوبائی امن کمیٹیاں تمام مکاتبِ فکر کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ الحمدللہ ملک بھر میں محرم الحرام کے ایام امن و امان، سلامتی اور رواداری کے ساتھ گزر رہے ہیں اور پورے ملک میں 'پیغامِ پاکستان' ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے سامنے آنے والی چند شکایات پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے بتایا کہ کل جمعۃ المبارک کے خطبات، مجالس اور کانفرنسیں 'پیغامِ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ، پیغامِ امن و سلامتی، وحدت و اتحاد اور رواداری' کے عنوان پر ہوں گی۔
انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ، ذاکرین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تحمل اور برداشت کا راستہ اپنائیں، پولیس اور سلامتی کے اداروں سے مکمل تعاون کریں، اور جلوسوں کے روٹ و وقت کا خیال رکھتے ہوئے باہمی مفاہمت اور محبت سے ذکرِ سیدنا امام حسینؓ کریں۔