لاہور :آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس فورس سے وابستہ ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ، طبی سہولیات اور کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپورٹس منٹورز پولیس کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت اور میدان میں کارکردگی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور تربیتی عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ وہ ہر قسم کے مقابلے کے لیے تیار رہیں۔
آئی جی پنجاب نے کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ فورس کے ایتھلیٹس کو بہترین میڈیکل سپورٹ فراہم کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی صحت اور ڈائٹ پلان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ٹریننگ کے دوران جدید آلات اور ساز و سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
عبدالکریم نے واضح کیا کہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور ایونٹس میں پولیس کھلاڑیوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف جوانوں کی جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ پولیس فورس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت اہم اجلاس: پولیس کھلاڑیوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا جائزہ
07:36 PM, 25 Mar, 2026