برآمدات میں اضافہ ہی معاشی استحکام کا واحد حل، ایف پی سی سی آئی نے حکومت کو روایتی تجاویز کے بجائے متبادل معاشی گائیڈ لائن فراہم کر دی

05:08 PM, 25 May, 2026

لاہور :ملک کی مقتدر تاجر برادری کی نمائندہ تنظیم ایف پی سی سی آئی نے آئندہ بجٹ کے روایتی طریقہ کار کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے حکومت کے سامنے اپنا متبادل اور جامع معاشی فریم ورک پیش کر دیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کے اعلیٰ عہدیداروں نے واضح کیا کہ ملک کو اب عارضی فیصلوں کے بجائے طویل مدتی معاشی روڈ میپ کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اصرار کیا کہ مضبوط معیشت سرکاری دفاتر میں بیٹھ کر نہیں بنتی بلکہ اس کے لیے گہری ریسرچ اور برآمدات میں انقلابی اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے پالیسی سازی کے کردار کی قدر کرتے ہیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ پالیسی میکرز ان زمینی سفارشات کو عملی جامہ پہنائیں۔ عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارا پیش کردہ یہ شیڈو بجٹ اور ۵ سالہ ترقیاتی پروگرام محض ایک دستاویز نہیں بلکہ ملکی معیشت کی حقیقی گائیڈ لائن ہے، کیونکہ ایف پی سی سی آئی محض کتابیں چھاپنے کے بجائے معاشی مسائل کا عملی حل فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے میڈیا کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار تاجر برادری کی جانب سے ایک مکمل معاشی پلان سامنے لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تزویراتی پلان کے تحت حکومت کو ایک جامع ٹیکس پالیسی، متبادل معاشی سروے اور ۵ سالہ طویل مدتی ڈویلپمنٹ پلان سونپا جا رہا ہے، جو ملک میں پائیدار معاشی استحکام کا ضامن ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں