لاہور:عیدالاضحیٰ کی آمد میں چند روز باقی رہ جانے کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز اور بازاروں میں عید شاپنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے، جہاں خواتین، بچوں اور فیملیز کی بڑی تعداد خریداری کے لیے مارکیٹوں کا رخ کر رہی ہے۔
لاہور کا تاریخی انارکلی بازار سمیت دیگر معروف مارکیٹیں رنگوں اور رونقوں سے سج چکی ہیں۔ خواتین اپنے اور بچوں کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ میچنگ جیولری، چوڑیوں، جوتوں اور بیگز کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہی ہیں۔ مارکیٹوں میں خریداروں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث دکانداروں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں اور دکانوں پر غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
خواتین خریداروں کا کہنا ہے کہ اس بار عید پر نئے فیشن ٹرینڈز اور سوفٹ کلرز (ہلکے رنگوں) کو کافی پسند کیا جا رہا ہے، اس لیے وہ بدلتے فیشن کے مطابق ہی شاپنگ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹرینڈنگ ڈریسز کی مانگ تو زیادہ ہے تاہم مہنگائی کی وجہ سے شہریوں کی قوتِ خرید پر اثر ضرور پڑا ہے۔ شہریوں کا عزم ہے کہ مہنگائی کے باوجود عید کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منائی جائیں گی اور شاپنگ کا یہ سلسلہ چاند رات تک یوں ہی جاری رہے گا۔